وزارتِ داخلہ کو پھر خط جاری کر دیا حسان نیازی کے بارے میں رپورٹ طلب
عبدالطیف چترالی آپ نے ایویں دیر کر دی، جج ،سرنڈر کردینے پر جیل بھجوادیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز ، میجر (ر) طاہر صادق اور علی نواز اعوان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جیل ٹرائل کیلئے ایک بار پھر خط لکھ دیا۔گذشتہ روز احتجاج سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران عدالت نے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 153 میں پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز ، میجر (ر) طاہر صادق اور علی نواز اعوان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،مقدمہ میں ملزموں پر بانی پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزامات عائد ہیں،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزارتِ داخلہ کو ایک مرتبہ پھر خط جاری کیا گیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سینیٹر مراد سعید اور حماد اظہر پہلے ہی اسی مقدمے میں اشتہاری قرار دئیے جا چکے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے 9 مئی کیسز میں سزا پانے والے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی کو عدالت پیش ہو کر سرنڈر کردینے پر جیل بھجوادیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عبدالطیف چترالی نے عدالت پیش ہوکر درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق درخواست دائر کی اورحکم عدولی نہیں کرنا چاہتے،متعلقہ عدالت میں گرفتاری پیش کر رہے ہیں۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ لطیف صاحب آپ نے ایویں دیر کر دی، لیکن یہ بھی اچھا ہے کہ آپ پیش ہوگئے، بعد ازاں عدالت نے عبدالطیف چترالی کو سزا پر عملدرآمد کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔