لاہور کے علاقے نواں ٹاؤن کے کھمبا گاؤں میں گھریلو تنازع کے دوران شوہر نے مبینہ طور پر اپنی 40 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بیوی کے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کی جان لے لی۔ایدھی ترجمان کے مطابق مقتولہ کی شناخت 40 سالہ نجمہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں شواہد اکٹھے کیے گئے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ قتل کی اصل وجوہات اور حالات کا تعین کیا جا سکے۔دوسری جانب ایدھی رضاکاروں نے مقتولہ کی لاش ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔