گلبہار کے علاقے گولیمار فردوس مارکیٹ میں مسلح ڈاکوؤں نے چاندی و نگینہ شاپ کو لوٹ لیا، دکاندار کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بھاری مالیت کے زیورات، قیمتی پتھر اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا، جب چار مسلح ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور 300 چاندی کی انگوٹھیاں، دو سونے کے سیٹ، قیمتی پتھر، نگینے، 35 ہزار روپے نقدی اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔ڈاکوؤں نے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔واقعے کا مقدمہ نمبر 203/2025 دفعات 395 اور 337-A1 کے تحت دکاندار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ایس ایچ او گلبہار ہدایت حسین کے مطابق کیس کی تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔