ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی فیڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے۔
یہ اقدام انسانی استعمال کے لیے گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، فیڈ ملز کو 30 دن تک گندم استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دفعہ 144 ضابطہ فوجداری 1898 کی شک 144(6) کے تحت نافذ کی گئی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق 2 نومبر (اتوار) تک برقرار رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ:“گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے، اسے صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔ فیڈ ملز کو گندم کے بجائے متبادل اجزاء استعمال کرنے ہوں گے۔”رپورٹس کے مطابق پنجاب کی فیڈ ملز کے پاس ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے، جسے وہ مرغیوں کے دانے کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول کی رپورٹ کے مطابق، اس عمل سے صوبے میں گندم کی قلت اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ تھا۔
حکومت پنجاب نے اس صورتِ حال کے پیشِ نظر فوری کارروائی کرتے ہوئے فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر پابندی بڑھا دی۔محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ اس حکمنامے کی تشہیر سرکاری گزٹ، اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے کی جائے تاکہ عوام الناس کو مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ذرائع کے مطابق، اگر کسی فیڈ مل نے حکومتی فیصلے کی خلاف ورزی کی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔