پنجاب میں گندم کی قلت کے خدشات کے پیش نظر فیڈ ملز میں استعمال پر پابندی میں 30 روز کی توسیع

پنجاب میں گندم کی قلت کے خدشات کے پیش نظر فیڈ ملز میں استعمال پر پابندی میں 30 روز کی توسیع

حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر اہم فیصلہ کیا ہے۔

 اس نے فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکمنامے کے مطابق، ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت، صوبہ بھر میں فیڈ ملز کو گندم استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ اس پابندی کا مقصد گندم کے ذخیرہ کو محدود رکھنا اور اس کی غیر ضروری استعمال کو روکنا ہے۔حکمنامے کے مطابق، گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندی سوموار، یکم دسمبر تک برقرار رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق، پنجاب کی فیڈ ملز کے پاس اس وقت 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود ہے، جسے وہ مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے اور اسے صرف آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔ عوام الناس کی آگہی کے لیے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات، اور الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد گندم کی قلت سے بچاؤ اور عوام کے لیے آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔