کراچی میں کسٹمز حکام نے استعمال شدہ درآمدی موبائل فونز پر ٹیکس اور ویلیوایشن میں اضافہ کرتے ہوئے صارفین کے لیے ان ڈیوائسز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
کراچی کسٹمز ویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نئے حکم نامے کے مطابق مختلف معروف برانڈز کے تقریباً 62 ماڈلز کی کسٹمز ویلیو بڑھا دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ان کی قیمتیں بھی اوپر چلی جائیں گی۔حکام کے مطابق یہ نیا فیصلہ تمام استعمال شدہ موبائل فونز پر یکساں طور پر لاگو ہوگا، اور اس میں فون کی حالت (نیا جیسا یا زیادہ استعمال شدہ) کو کوئی خاص رعایت نہیں دی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر درآمدی استعمال شدہ فون پر یکساں بنیاد پر ٹیکس عائد ہوگا۔
نئے ضوابط کے تحت یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ درآمد کیے جانے والے موبائل فونز کم از کم 6 ماہ قبل ایکٹیویٹ ہو چکے ہوں۔ اس کے علاوہ درآمد کنندگان کو فون کی ایکٹیویشن سے متعلق مکمل ریکارڈ اور تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔حکام نے پرانا ویلیوایشن نظام ختم کرتے ہوئے نیا رولنگ نمبر 2070 نافذ کر دیا ہے۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمدی لاگت میں اضافہ ہوگا، جس کا براہِ راست اثر مارکیٹ پر پڑے گا اور صارفین کے لیے یہ فون مزید مہنگے ہو جائیں گے۔