وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع مہمند میں پیرا میڈیکل عملے کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ حقائق کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل کھیل، خیبر پختونخوا، تشفین حیدر اور ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ، ارشاد علی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سات دنوں کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ سرکاری بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کسی بھی قسم کی اقرباپروری، بدعنوانی یا غیر قانونی عمل کو برداشت نہیں کرے گی۔ تمام تقرریاں صرف اور صرف اہلیت، دیانت اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائیں گی۔