کراچی:سندھ حکومت نے خواتین کے لیے پنک اسکوٹی پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا ہے کہ حکومت جلد ہی اس منصوبے کو شروع کرے گی، جس کا مقصد خواتین کو محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔میمن کا کہنا تھا کہ خواتین سے اپیل ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تربیتی کورسز میں حصہ لیں، اور اسکوٹیز کے دوسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن کروائیں۔ اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ مفت ٹریننگ اور لائسنس بھی فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کو عوام کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی، جس میں بہت سی خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی اور روزمرہ کے سفر کے لیے اس سہولت کو اپنایا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو خودمختار بنانا اور ان کے سفر کو محفوظ اور آسان بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، الیکٹرک بس سروس اور پنک اسکوٹیز جیسی منصوبے شہریوں کو سستی اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے ہیں، جس کا مقصد خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کے انسانی اور سیاسی نظریے کا بنیادی جز ہے، اور یہ شہید بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل ہے۔