مکمل فنڈز جاری نہ ہونے سے واسا کے بڑے منصوبے متاثر

لاہور (خصوصی رپورٹ)مالی سال 2025-26 کے جاری بجٹ میں واسا کے 58 ترقیاتی منصوبے شامل تو کیے گئے مگر مکمل فنڈز جاری نہ ہوسکے۔تمام سکیموں کیلئے فی سکیم صرف 50 لاکھ مختص جس سے واسا کے بڑے منصوبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔حاجی کیمپ سے راوی تک سٹروم واٹر ڈرین منصوبہ بھی سکیموں میں شامل ہے جسکے ریوائزڈ پی سی ون کے مطابق اسکی مجموعی لاگت 3 ارب 10 کروڑ 84 لاکھ تھی تاہم بجٹ میں اس کیلئے صرف 50 لاکھ رکھے گئے ،ذرائع کے مطابق ڈرین پراجیکٹ کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے مگر فنڈز کی عدم دستیابی پر آخری مراحل میں پھر تعطل کا شکار ہے۔منصوبہ مکمل نہ ہونے سے ہر سال مون سون میں اندرونِ لاہور کے متعدد علاقے زیرِ آب آ جاتے ہیں، وسائل کی کمی نے واسا کا سب سے بڑا نکاسی آب منصوبہ بھی روک دیا ہے۔