فنڈز نہ ہونے سے منصوبے ادھورے

 مالی سال گزرے 7ماہ گزر گئے، حکومت کو متعدد بار یاددہانیاں ، 11مراسلے، 3سمریاں ارسال، فنڈز کااجرا نہ ہوسکا
 لاہور (خصوصی رپورٹ) مالی سال 2024-25 کے آغاز کو سات ماہ گزر چکے ہیں، مگر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو تاحال پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔ ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ایل ڈی اے کی جانب سے حکومت کو متعدد بار یاد دہانیاں کرائی جا چکی ہیں۔ایل ڈی اے نے پنجاب حکومت کو گیارہ مراسلے اور تین سمریاں ارسال کیں، مگر فنڈز کا اجرا نہ ہوسکا۔ بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور پراجیکٹ اور راوی بریج توسیعی منصوبے کا کام مکمل ہونے کے باوجود رقم واجب الادا ہے۔دوسری جانب سٹرکچرل پلان روڈ، ٹولنٹن مارکیٹ اپ گریڈیشن اور زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکسز کے لیے بھی فنڈز تاخیر کا شکار ہیں۔ ایل ڈی اے نے سٹرکچرل پلان روڈز کی تعمیر کے لیے دس ارب روپے کا تقاضا کیا تھا، مگر سمری فائلوں میں دب کر رہ گئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال مکمل فنڈز کا اجرا نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار شدید متاثر ہو رہی ہے۔ لاہور کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا ہے۔