خطرناک بین الاضلاعی چور اور ڈکیت گرفتار

ملزم بلال، نعیم 4سال سے گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور میں روپوش تھے
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے اشتہاریوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطرناک بین الاضلاعی چور اور ڈکیت کو گرفتار کر لیا۔ ہربنس پورہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم بلال کو حراست میں لیا گیا جو لاہور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ پولیس کو اقدامِ قتل، ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھاترجمان ڈولفن کے مطابق، پولیس ریسپانس یونٹ نے بھی کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور سرگودھا پولیس کو مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ جھال چکیاں (سرگودھا) اور مزنگ (لاہور) میں چوری کے کئی مقدمات درج تھے گرفتار ملزم بلال، نعیم اورنگزیب گزشتہ چار سال سے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور میں روپوش تھے۔ تمام ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں، ہربنس پورہ اور ڈیفنس اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی ڈولفن محمد خان کے مطابق، ڈولفن سکواڈ جدیدای پولیس ایپ کے ذریعے بین الاضلاعی اشتہاری ملزمان تک رسائی حاصل کر رہی ہے، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن بن رہی ہیں۔