جمہور پسند قوتیں غیر آئینی ترمیم کیخلاف متحد ہو جائیں:اسد قیصر

 ابھی 26 ویں آئینی ترمیم کے زخم تازہ ،27 ویں ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں
1973ء کا آئین متفقہ ،اس پر کسی کو ہاتھ نہیں ڈالنا چاہیے، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سابق سپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ ریاستی ایوانوں سے ایک بار پھر آئینی ترمیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، ملک کی تمام جمہور پسند قوتوں کو غیر آئینی ترمیم کیخلاف متحد ہونا ہوگا، اگر ایسا نہ ہوا تو یہ نظام اپنی بنیادوں سمیت زمین بوس ہو جائے گا۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا ابھی 26 ویں آئینی ترمیم کے زخم تازہ ہیں، اب 27 ویں ترمیم کی باتیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا 1973ء کا آئین پاکستان کا متفقہ آئین ہے، اس آئین پر کسی کو ہاتھ نہیں ڈالنا چاہئے، آئین ریاست کی تمام اکائیوں کو ایک بندھن میں جوڑے رکھتا ہے، اب بھٹو کا جانشین اور ان کی جماعت اسی آئین کے چہرے کو مسخ کرتی ہے یا جمہوریت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔موجودہ پارلیمان فارم 47 کی پیداوار ہے جو آئینی ترمیم کا اخلاقی جواز نہیں رکھتی۔