آصف علی زرداری قطر کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے

آصف علی زرداری قطر کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں۔ حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سینئر قطری حکام اور پاکستان کے سفیر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔

اس دورے کے دوران، صدر زرداری عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں شریک ہوں گے، جہاں وہ پاکستان کے سماجی ترقی، جامع معاشی نمو اور غربت کے خاتمے کے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے کردار اور پاکستان میں سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔

مزید برآں، صدر زرداری دوحہ الائنس برائے سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز کمپیکٹ کے آغاز سے متعلق اقدامات پر گفتگو کریں گے، اور عالمی ترقیاتی وعدوں سے ہم آہنگ منصوبوں، مالی وسائل کے حصول، اور ایس ڈی جی اسٹیمولیس سمیت دیگر عالمی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔اپنے قیام کے دوران، وہ مختلف عالمی اور علاقائی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ سماجی و معاشی ترقی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔