بھکر سے فتنہ الخوارج کا 1 ، سرگودھا سے الزینبیون کا انتہائی خطرناک دہشت گرد اسلحہ سمیت پکڑا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب نے 140 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 دہشت گرد گرفتارکرلیے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں سرگودھا ، بھکر ، رحیم یار خان ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور جھنگ میں کی گئیں، بھکر سے فتنہ الخوارج کا 1 جبکہ سرگودھا سے الزینبیون کا ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کرلیا گیاترجمان کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 ڈیٹونیٹر ، 7 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اسلحہ، دو آئی ای ڈی بم ، موبائل فون ، ممنوعہ پمفلٹ اور نقدی بر آمد کرلی گئی۔دہشت گردوں کی شناخت ندیم مرتضی، محمد جابر ، آصف افتخار ، شمس الدین ، اعجاز حسین ، حسن خان ، شاہد سعید ، فاروق احمد وغیرہ کے نام سے ہوئی۔دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے ترجمان سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ رواں ہفتے میں 1318 کومبنگ آپریشنز کے دوران173 مشتبہ افراد گرفتار کیے جبکہ ان کومبنگ آپریشنز میں 40952 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔