پاکستان ٹریک پر واپس آرہا،حالات بہتری کی جانب گامزن:نواز شریف

 ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے پاکستان میں غریب آدمی کی زندگی آسان ہو،پنجاب میں مریم نواز بھی بہت اچھا کام کر رہی ہیں،شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں،،مہنگائی کم ہو رہی ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں
پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے لیے 40سے 50ارب روپے دیے گئے، پختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لیے کیا کیاگیا؟، مریم سے پی آئی اے کی خریداری پر جوبات ہوئی اس پر مزیدکام کا ارادہ ہے، ایون فیلڈ کے باہر صحافیوں سے گفتگو 
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن )کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں، پاکستان میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں،مہنگائی کم ہو رہی ہے، پی آئی اے کے بارے میں جو کہااللہ کرے وہ ہو جائے۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں چیک اپ کے بعد واپس لندن پہنچ گئے۔ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لیگی کارکنوں اور عہدیداروں نے والہانہ استقبال کیا۔ایون فیلڈ ہاوس کے باہر صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز بھی بہت اچھا کام کر رہی ہیں، ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ پاکستان میں غریب آدمی کی زندگی آسان ہو۔ انہوں نے کہا پی آئی اے کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا ارادہ ہے، جو کہااللہ کرے وہ ہو جائے۔ ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئےگی۔نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں اچھا کام ہو رہا ہے، پاکستان ٹریک پر واپس آرہا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازپنجاب میں اچھاکام کر رہی ہیں، مریم کو دن رات ایک فکر ہے کہ غریب آسانی سے زندگی گزار سکیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے لیے 40سے 50ارب روپے دیاگیا، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لیے کیا کیا؟۔