جی ڈی پی 4 فیصد تک رہنے کی امید ہے، معاشی شعبے میں سٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں
پنشن نظام میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہے، آئندہ سال سے مسلح افواج کی کنٹری بیوٹری پنشن نظام شروع ہو گا : ای یو پاکستان بزنس فورم سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور رواں مالی سال جی ڈی پی 4 فیصد تک رہنے کی امید ہے، معاشی شعبے میں اسٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، پائیدار ترقی کے حصول کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں،پنشن نظام میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہے، آئندہ سال سے مسلح افواج کی کنٹری بیوٹری پنشن نظام شروع ہو گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ای یو پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر خزا نہ نے کہا پاکستان میں میکرو استحکام ہے، مارچ میں کرنٹ اکائو نٹ ایک ارب ڈالر سے زائد سرپلس اور ترسیلات زر 3.8 ارب ڈالر رہیں۔ان کا کہنا تھا روشن ڈیجیٹل سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے، مارچ میں روشن ڈیجیٹل اکائو نٹ میں 260 ملین ڈالر آئے، اپریل میں پاکستان نے بھاری بیرونی ادائیگیاں کیں، 75کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کیا، مئی کے وسط میں 25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا پلان ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور رواں مالی سال جی ڈی پی 4 فیصد تک رہنے کی امید ہے، جون کے آخر تک زرمبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔