سیاسی اور قومی سطح پر رابطے بڑھیں گے تو حالات بہتری کی جانب جائیں گے بیرسٹر گوہر

 حکومت نے ملک کو ریورس میں ڈال دیا ‘حالات کا تقاضا ہے سنجیدہ اور بامقصد اقدامات کئے جائیں‘مذاکرات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے
فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں نے  امن و سلامتی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں  جو رائیگاں نہیں جائیں گی:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے  بلوچستان میں ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان، سکیورٹی فورسز اور شہداء کو ان کی قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملاقاتیں ہونی چاہئیں تاہم ان پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔  سیاسی اور قومی سطح پر رابطے بڑھیں گے تو حالات بہتری کی جانب جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا آپ نے پاکستان کو ریورس میں ڈال دیا ہے اور موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ سنجیدہ اور بامقصد اقدامات کیے جائیں۔