صبر کرکے بیٹھا ہوں‘ مجھے نہ چھیڑیں(نوازشریف)

اس سارے عرصے کے دوران ہمارے اوپر بہت کچھ گزرا ، بڑے صبر سے کام لیا ‘خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا:صدر ن لیگ

پی ٹی آئی کے لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا، پنجاب میں عوام کو بلوں میں ریلیف دینے کےلئے 40سے 50ارب دیئے گئے، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لئے کیا کیا؟
 سکھر حیدرآباد موٹروے سیکشن رہ گیاتھا خدا کے بندو وہی بنادیتے وہ بھی نہیں بنی ، میں نے شہبازشریف کو کہا ہے اسے نئی موٹروے پرمنتقل کریں:اجلاس کی ویڈیو وائرل‘ مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے گفتگو


 نیو یارک(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ بڑے عرصے سے صبر کرکے بیٹھا ہوا ہوں مجھے نہ چھیڑیں۔تفصیل کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ایک اجلاس میں گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔سابق وزیراعظم جو ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں، وہ لندن سے 4 روزہ دورے پر نیویارک پہنچے جہاں ان کی مختلف لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران نواز شریف کی ایک اجلاس میں بیٹھے ہوئے اظہار خیال کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں مسلم لیگ ن کے صدر کو ویڈیو میں اجلاس میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے شاعرانہ انداز اپنایا اور اپنی بات کے آغاز پر کہا کہ بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفان کیے ہوئے، اس کے علاوہ ویڈیو میں نواز شریف اجلاس کے شرکا سے کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ اسی لیے کہتا ہوں مجھے زیادہ نہ چھیڑیں، اس سارے عرصے کے دوران ہمارے اوپر بہت کچھ گزرا ہے، بڑے صبر سے ہم نے کام لیا ہے۔ دریں اثناءنوازشریف نے نیویارک میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خان صاحب ملکی ترقی کا ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا ہو،ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا ‘ پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے لئے 40سے 50ارب روپے دیاگیا، آپ لوگوں نے خیبرپختونخوا میں پبلک ویلفیئر کے لئے کیاہے، کے پی کے میں ان لوگوں کی حکومت کا گیارہواں یابارہواں سال چل رہاہے، خیبرپختونخوا کے عوام ان لوگوں سے نہیں پوچھتے کہ آپ ملک کو تو چھوڑیں آپ نے ہمارے صوبے کے لئے کیاکیاہے۔انہوں نے کہا کہ کام کرنا اوربات اور صرف باتیں کرنا اوربات ہے ، ان لوگوں نے صرف لوگوں کے اخلاق کو بگاڑا ہے اور لوگوں کو بدتمیزی کاکلچر سکھایاہے، جب میری حکومت تھی اس وقت صرف 104روپے کاڈالر تھااورانٹرسٹ ریٹ سواپانچ فیصدتھا، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلندسطح پر تھے ، آئی ایم ایف کو ہم نے خداحافظ کہہ دیاتھا، اوریہ لوگ اسے واپس لیکر آگئے۔نوازشریف نے کہا کہ ہم ترقی کی شرح کو 5.8کے ریٹ پر لیکر گئے تھے اورہمارا پروگرام اسے 7فیصد پر لیکرجاناتھا، لیکن ہمارا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا، یہ لوگ ڈالر کو اوپر لے گئے اورانٹرسٹ کو 22سے 23فیصد پر لیکر گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 
زرمبادلہ کے ذخائر بالکل زمین پر آگئے ، ان لوگوں نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرلیا، ان لوگوں نے پاکستان کے اندر ترقی کاکوئی منصوبہ نہیں لگایا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے آج خان صاحب ایک منصوبہ بتادیں کہ انہوں نے یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لئے شروع کیاہو، پاکستان میں سب سے پہلے موٹروے کی بنیاد مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے رکھی، سب سے آخری موٹروے بھی مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے بنائی ہے ، آپ کو پتا ہوگا اب موٹروے پاکستان میں موجود ہے جو پشاور سے شروع ہوتی ہے ، اسلام آباد آتی ہے اوریہاں سے لاہور جاتی ہے، لاہو ر سے ملتان جاتی ہے اورملتان سے رحیم یارخان اورپھر سکھر جاتی ہے، سکھر حیدرآباد جورہ گیاتھا خدا کے بندوں وہی بنادیتے وہ بھی نہیں بنی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شہبازشریف کو بولاہے کہ اسے نئی موٹروے پرمنتقل کریں ، ہم نے بلوچستان میں سڑکوں اورہائی ویز کاجال بچھایاہے ، کام ان کاتھااورہزاروہ موٹروے بھی ہم نے بنائی جوپنجاب میں نہیں ہے کے پی میں ہے ، ہم نے عطاآباد جھیل کے اندر ایک لمبی ٹنل بنائی۔