وزیراعلیٰ سے مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان کی ملاقات‘ وفدکا وزیراعلیٰ کی عوامی خدمات پر خراج تحسین، کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں
وزیراعلیٰ کا مرکز رائیونڈ کی دینی خدمات کو خراج تحسین،ملک و قوم کی سلامتی، امن وامان اور سیلاب زدگان کیلئے خصوصی دعا کی درخواست
وزیراعلیٰ کا رائیونڈ اجتماع کیلئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے اور بہترین انتظامات کا حکم، رائیونڈ اجتماع کیلئے الیکٹرو بس چلانے کا فیصلہ
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا امجد فاروق، مولانا محمد امیر، امتیاز احمد غنی اور ارشد ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رائیونڈ اجتماع کے لئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے اور بہترین انتظامات کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی سی، سی سی پی او، ڈی آئی جی اور سی ٹی او کو خود رائیونڈ جانے کی ہدایت کی۔ تبلیغی جماعت کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمات پر خراج تحسین کیا اور کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رائیونڈ اجتماع کے لئے تین دن الیکٹرو بس چلانے کا اعلان کیا۔ ریلوے اسٹیشن اور ائیرپورٹ سے الیکٹرو بس رائے ونڈ تک چلا ئی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رائیونڈ جانے والے راستوں پر پیچ ورک لگانے اور رائیونڈ کی تین روڈز کی فوری تعمیر و مرمت کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یکم نومبر سے اجتماع کے ختم ہونے تک خصوصی صفائی مہم کا حکم دیا اورر ائیونڈ میں سپیشل صفائی اور عرق گلاب کے چھڑکاؤ کی ہدایت بھی کی۔ تبلیغی جماعت کے اکابرین نے الیکٹرو بس پراجیکٹ کے اجرا اور چند ماہ میں 90 ہزار گھر بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف صاحب نے فوری طور پر تبلیغی جماعت اکابرین سے ملاقات کا کہا۔ مخلوق خدا کی خدمت، خالق کائنات کی عبادت کے جذبے سے کرتی ہوں۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ عوام کی خدمت کی توفیق دے۔ مخالفین کی باتوں پر صبر کرتی ہوں لیکن بعض اوقات عوام کے لئے بولنا ضروری ہوتا ہے۔صدق دل سے رضائے الٰہی کے لئے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ خدمت کا جذبہ سچا ہے اللہ تعالیٰ غیب سے وسائل مہیا کرے گا۔