تانگہ پارٹی کا نیا نعرہ ” ہم ہی غلام ہیں“ مارکیٹ میں آنے والا ہے‘ پی ٹی آئی نے فتنہ خان کی رہائی کےلئے ٹرمپ کے جیتنے پر نظریں جما لی ہیں
پی ٹی آئی والوں کی ہمیشہ لاشوں کی تیاری رہتی ہے ،یہ لوگ نابینا افراد،کسانوں کی جعلی آواز بن کر سیاست کرتے ہیں : وزیراطلاعات پنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی والے اب اپنے امریکی آقا¶ں کے آگے سجدہ ریز ہو چکے ہیں۔ تانگہ پارٹی کا نیا نعرہ '' ہم ہی غلام ہیں'' مارکیٹ میں آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی نے فتنہ خان کی رہائی کےلئے ٹرمپ کے جیتنے پر نظریں جما لی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نو مئی کا مجرم ہے، اسکا ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے۔ فتنہ پارٹی کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں، ان کا مقصد افراتفری پھیلانا ہے۔ گنڈا پور کو یہ کہہ کر خوش کیا جا رہا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی میں ان کا ہاتھ ہے۔یہ سیاسی گدھ کبھی نابینا افراد تو کبھی کسانوں کی آواز بننے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں بچوں کی ہلاکت جیسے اندوہناک واقعے کی پنجاب حکومت بھرپور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ان کا کام افراتفری پھیلانا ہے۔ پی ٹی آئی دور میں جیلوں سے دہشت گردوں کو رہا کیا گیا، جنھوں نے بعد میں زمان پارک میں بچوں کو پیٹرول بمب بنانا سکھائے۔ آج وہی دہشت گرد معصوم بچوں کو قتل کررہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب انتھک محنت کر رہی ہیں۔پنجاب حکومت نے دیوالی کی تقریبات کو سرکاری طورپر منایا ہے۔ دیوالی پر خواتین کی مریم نواز سے محبت دیدنی تھی۔ پنجاب حکومت اقلیتوں کو مینارٹی کارڈ دے گی۔ وزیر اعلی پنجاب بھارتی وزیر اعلیٰ کو خط لکھیں گی تا کہ مشترکہ کاوشوں سے سموگ سے نجات حاصل کی جا سکے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد صرف فتنہ فساد ہے۔ کے پی کے سرکاری ملازمین جلسے جلسوں میں ڈیوٹی دیتے رہے اور وہاں عوام رل رہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب ان کا مہاتما کہا کرتا تھا کہ ملٹری ٹرائل ہونا چاہئیں، اب اپنی باری آئی ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ زمان پارک والوں سے پوچھنا چاہیے کہ وہ شہر کی جان کب چھوڑ رہے ہیں۔ نو مئی سے پہلے زمان پارک میں عرس والا ماحول تھا تھا۔ پہلے سے دیوالیہ کے پی کے پیسے اب خان اور اسکی فیملی سکیورٹی کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔