ایران امریکہ کشیدگی ختم نہ ہوئی تو معاشی اثرات مزید بڑھیں گے:رانا تنویر

مہنگائی کا زیادہ بوجھ حکومت خود اٹھاتی ہے جس سے ترقیاتی پروگرام متاثر ہوتے ہیں، پنجاب حکومت ہر شعبے کے افراد کیلئے فلاحی منصوبے شروع کر رہی ہے
مریدکے (آئی این پی ) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اور تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے  ایران امریکہ کشیدگی ختم نہ ہوئی تو معاشی اثرات مزید بڑھیں گے، دعا ہے ایران امریکہ کشیدگی جلد ختم ہو،مہنگائی کا زیادہ بوجھ حکومت خود اٹھاتی ہے جس سے ترقیاتی پروگرام متاثر ہوتے ہیں،انتشار پھیلانے والی جماعت کے باعث ملک میں اتحاد اور یکجہتی کی زیادہ ضرورت ہے  ۔اپنے آبادی حلقے مریدکے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین  نے کہا  کہ وزیراعظم اور سپہ سالار نے دو سال کی جدوجہد سے ملک کو معاشی بھنور سے نکالا، ایران امریکہ کشیدگی نے ہماری دو سالہ محنت کو متاثر کیا، وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر کابینہ اجلاس بلا کر مہنگائی کو کنٹرول میں رکھا، حکومتی کوششوں سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو ہمہ وقت یقینی بنایا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے لیے شدید دبا ئوہے، بھارت میں یوریا 20 ہزار جبکہ پاکستان میں اب بھی 4 ہزار روپے سے زائد میں دستیاب ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے کوشاں ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت کسان کو گندم کی مناسب قیمت مل رہی ہے۔