راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں ملزمہ علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق، علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئی تھیں اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔ سرکاری پراسیکیوٹر نے اس درخواست کی سخت مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے کہا کہ ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اور سرکاری وکیل مقرر کر کے آخری گواہ پر جرح مکمل کی جائے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ علیمہ خان دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہی ہیں اور ان کا یہ رویہ غلط ہے۔وکیل صفائی اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ حاضری معافی نہیں ہوگی اور علیمہ خان سمیت تمام ملزمان کو 9 مارچ کو عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔ اس دن وکیل صفائی آخری گواہ یعنی تفتیشی آفیسر پر جرح مکمل کریں گے۔مزید برآں، عدالت نے بانی چیئرمین سے وکالت نامے سپرنٹنڈنٹ جیل کو تصدیق کے بعد وکلاء کو فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔