برف پگھلنے لگی (ن) لیگ،پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے بحال
اجلاس ہفتہ شام 4 بجے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوگا،میزبانی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کریں گے،راجا پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن ، قاسم گیلانی، اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور خواجہ سعد رفیق اجلاس میں شریک ہوںگے
لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب میں مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے دونوں جماعتوں کی کو آرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے بحال ہونے کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اتحادی حکومت کے معاملات پر کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مفاہمتی کمیٹی کا اجلاس 15 مارچ بروز ہفتہ شام 4 بجے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شکوے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔پیپلزپارٹی نے صوبائی اتھارٹیز میں نامزدگیوں کا مطالبہ کر رکھا ہے، ترقیاتی فنڈز، بیورو کریسی میں تبادلے پیپلز پارٹی کے مطالبات میں شامل ہیں۔اجلاس کی میزبانی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کریں گے، راجا پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور قاسم گیلانی کی شرکت متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور خواجہ سعد رفیق بھی اجلاس میں شریک ہوںگے۔