موٹرویز کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نگرانی کی تجویزتیار

 شاہراہوں پر ہیلی کاپٹر اور ایئر ایمبولینس سروسز کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں
 علیم خان کی زیر صدارت اجلاس، کمرشل بسوں کی انسپکشن مزید سخت کرنے کا فیصلہ 
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزارت مواصلات نے ملک بھر کی موٹرویز کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نگرانی کرنے کی تجویز تیارکی ہے، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت این ایچ اے کے اجلاس میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز پر حادثات کا باعث بننے والے عوامل کی روک تھام یقینی بنائی جائے، ہر 30کلومیٹر بعد ایمرجنسی سروسز کے سینٹرز ہونے چاہئیں۔اسی طرح موٹرویز اور شاہراہوں پر ہیلی کاپٹر اور ائیر ایمبولینس سروسز کیلئے بھی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موٹرویز اور شاہراہوں پر انسانی جان بچانے کے لئے کوئی بھی قیمت ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے ریسکیو سروسز1122کے سٹیشن سے موٹرویز کو منسلک کرنے اور کم سے کم وقت میں فوری طبی امدادکی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات کو ایم 2پر حالیہ بس حادثے کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بس ڈرائیورنے اپنی کوتاہی اور غلطی تسلیم کر لی، اس رپورٹ کی روشنی میں کمرشل بسوں کی انسپکشن کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔