معروف بھارتی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی محبت اور عزت کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
چیمپئنز ٹرافی کو کور کرنے کے لیے پاکستان آئے بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ نے کہا کہ کھیل سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں اور لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کھیلوں کے ذریعے مزید بہتر ہوں گے اور ایسے دورے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ایشیا کپ 2023 اور چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ یہ حکومتی سطح پر کیا گیا فیصلہ تھا، لیکن اگر عوام اور صحافی ایک دوسرے کے ملک جا سکتے ہیں تو کھلاڑیوں کو بھی یہ موقع ملنا چاہیے۔اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے کہا کہ پاکستانی عوام بھارتی کرکٹرز، خاص طور پر ویرات کوہلی سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے لاہور کی گلیوں، سڑکوں اور میدانوں میں نوجوانوں کو ویرات کوہلی کی نمبر 18 جرسی پہنے دیکھا، جو ثابت کرتا ہے کہ کرکٹ کسی بھی سرحد یا سیاسی کشیدگی سے بالاتر ہے۔