بھارتی ریاست اترپردیش میں اسٹیڈیم میں میچ کے دوران شہد کی مکھیوں کے حملے سے سینئر امپائر مانک گپتا جاں بحق ہوگئے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، مانک گپتا کانپور کرکٹ سرکٹ میں معروف امپائر تھے اور کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن سے وابستہ تھے۔ اترپردیش کے اناؤ کے سپرو اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ کے دوران اچانک شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے حملہ کیا، جس سے کھلاڑیوں اور امپائرز کو نقصان پہنچا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد ڈرنکس بریک کے دوران، مانک گپتا ایک ساتھی امپائر سے ملنے گئے تھے کہ اچانک شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے حملہ کیا۔ ان کے بھائی امیت کمار گپتا نے بتایا کہ مانک شہد کی مکھیوں سے بچنے کی کوشش میں لڑکھڑاتے ہوئے گر گئے، اور پھر مکھیوں نے ان پر دھاوا بول دیا۔
قابل ذکر ہے کہ مانک تقریباً 30 سال سے امپائرنگ کر رہے تھے اور ریاستی پینل کے رکن تھے۔ ان کے ساتھی امپائر جگدیش شرما نے بتایا کہ حملہ کے وقت وہ اور دیگر امپائر بھاگنے میں کامیاب ہوئے، مگر عمر رسیدہ ہونے کے سبب مانک گپتا شہد کی مکھیوں کا نشانہ بن گئے۔