زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تمام سہولیات دی جائیں گی
پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے ساز گار ماحول ہے:سردار سلیم حیدر کی کورین وفد سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے پاکستان میں زرعی شعبے میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان اور کوریا کے درمیان عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے، گورنر پنجاب سے کاروباری افراد پر مشتمل کورین وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا اعادہ کیا گیا۔اعزازی قونصل جنرل کوریا صوبہ خان بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے وفد کو زراعت کے شعبے میں جدید فارمنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں تجارت کیلئے پاکستان میں وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تمام سہولیات دی جائیں گی۔پنجاب میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔