پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں عوامی سہولت کے لیے مفت وائی فائی سروس کو مزید اضلاع تک توسیع دے دی ہے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، لاہور میں فری وائی فائی کے مقامات کی تعداد 230 سے بڑھا کر 430 کر دی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 22 اضلاع میں 710 مقامات پر یہ سہولت دستیاب ہے۔ترجمان نے بتایا کہ فری وائی فائی سروس اب لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری کے اہم مقامات پر دستیاب ہے۔ یہ سروس اب جدید ترین Wi-Fi 6 ٹیکنالوجی پر منتقل کر دی گئی ہے، جس سے صارفین کو تیز اور مؤثر انٹرنیٹ سہولت میسر آئے گی۔ابتک 37.22 ملین صارفین نے اس سہولت سے استفادہ کیا ہے اور مجموعی طور پر 905 ٹیرا بائٹس ڈیٹا استعمال کیا جا چکا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ فری وائی فائی سروس کو شہریوں کی ایمرجنسی نوعیت کی ضروریات جیسے آن لائن فارم جمع کرانے، تعلیمی و طبی امور میں مدد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، اور اسے ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔حکام کے مطابق اس منصوبے کو مستقبل قریب میں پنجاب بھر کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا، تاکہ ہر شہری کو ڈیجیٹل سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہو سکے۔ یہ اقدام پنجاب کو ایک جدید، ڈیجیٹل اور عوام دوست صوبہ بنانے کی حکومتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔