تبدیلیِ تفتیش بورڈ کے سپرد کرتے ہوئے متعلقہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹسز بھی جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق دفتر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے سائلین کی شکایات تفصیل سے سنیں اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں شہری اپنے مقدمات کی تفتیش سے متعلق شکایات لے کر پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے تفتیشی معاملات میں موصول ہونے والی بعض شکایات پر اپنے دفتر کے ایس پی سی آر او اور انچارج آئی آر سی کو انکوائری کرنے کی ہدایات جاری کیں، جبکہ ناقص تفتیش کے حامل چند مقدمات کو تبدیلیِ تفتیش بورڈ کے سپرد کرتے ہوئے متعلقہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔انہوں نے بعض شکایات کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ ڈویڑنل ایس پیز انویسٹی گیشن کو احکامات جاری کیے اور فون پر رابطہ کرکے زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت اور شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔سید ذیشان رضا نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور شفاف، میرٹ پر مبنی اور بروقت تفتیش کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔