ایم کیو ایم بزنس فورم نے وفاقی شیڈو بجٹ پیش کردیا

 اربن ایریاز پر ٹیکس لگایا گیا ہے جبکہ ناردرن ایریاز کو ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے
 حکومت کا خسارہ 4 فیصد ہے، ہم اپنی تجاویز میں 2 اعشاریہ 2 فیصد پر لا رہے ہیں:فاروق ستار
کراچی (آئی این پی )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)بزنس فورم نے وفاقی شیڈو بجٹ پیش کردیا۔کراچی میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کے دوران شیڈو بجٹ پیش کیا، اس موقع پر صدر کے سی سی آئی اور تاجر تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔فاروق ستار نے کہا  کہ ہم عوام سے نہیں بلکہ بڑے بڑے سرمایہ داروں سے ٹیکس کلیکشن کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر پیٹرول پر لیوی ختم کی جائے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجائے بینظیر انکم جنریشن پروگرام چلایا جائے۔ایم کیو ایم رہنما نے  کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری ملک کی بقا کا معاملہ ہے، اربن ایریاز پر ٹیکس لگایا گیا ہے جبکہ ناردرن ایریاز کو ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے   کہا کہ ایک ٹیچر 60 سے70 ہزار کما رہا ہے اور انکم ٹیکس دیرہا ہے، لیکن بڑا جاگیردار کوئی ٹیکس نہیں دے رہا ہے۔ا نہوں نے کہا  کہ پارلیمنٹ کے ایوانوں میں کسان کی کسان، مزدور کی سرمایہ دار نہیں بلکہ مزدور اور مڈل کلاس کی نمائندگی پڑھا لکھا نوجوان کرے۔