معاشی محاذ پر کامیابی کیلئے سب کو ملک کر بیٹھنا ہوگا،پاکستان بزنس فورم

  بزنس کمیونٹی معرکہ معیشت جیتنا چاہتی ہے،  وسائل فراہم کرنا حکومت کا کام ہے
کاروباری اعتماد بحال کیا جائے، 2026کیلئے حکومت  واضح معاشی روڈ میپ دے
  اڑان پاکستان پروگرام کی تکمیل کیلئے غیر روایتی حل کی طرف جانا ہوگا،وزیر اعظم کے نام خط 
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف سے کاروباری اعتماد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ2025 ملکی صنعت وتجارت کے لئے  ایک اور مشکل سال ثابت ہوا، معاشی محاذ پر کامیابی کیلئے   سب کو ملک کر بیٹھنا ہوگا۔  رپورٹ  کے مطابق پاکستان بزنس فورم کی جانب سے  وزیراعظم شہباز شریف کو  ایک خط لکھا گیا  ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 2025 ملکی صنعت وتجارت کے لئے  ایک اور مشکل سال ثابت ہوا۔ پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے کاروبار کی لاگت میں کمی اور آسانیاں تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔ مہنگی بجلی اور غیر مسابقتی ٹیکس نظام نے صنعت اور زرعی شعبے کو کمزور کر دیا ہے۔صدر پاکستان بزنس فورم نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق جیتا، اب بزنس کمیونٹی معرکہ معیشت جیتنا چاہتی ہے۔ تاہم اس جنگ کو جیتنے کیلئے بزنس کمیونٹی کے لیے بنیادی وسائل فراہم کرنا حکومت کا کام ہے۔ معاشی محاذ پر کامیابی کیلئے   سب کو ملک کر بیٹھنا ہوگا۔خواجہ محبوب نے مزید کہا کہ وزارت خزانہ آئی ایم ایف پروگرام کی تعمیل میں سرگرم، لیکن زمینی حقائق پر کام نہیں کر رہی۔ خطے میں بجلی کے نرخ اور کارپوریٹ ٹیکس سب سے زیادہ ہے۔ حکومت ابتدائی سہولیات دے، تو بزنس کمیونٹی ترقی، روزگار اور برآمدات بڑھائے گی۔پاکستان بزنس فورم کے خط میں 2026 کیلئے حکومت سے واضح معاشی روڈ میپ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام کی تکمیل کیلئے ہمیں غیر روایتی حل کی طرف جانا ہوگا۔