پی پی پی کے ترقیاتی منصوبے وفاقی بجٹ کا حصہ بنیں گے‘مذاکرات میں حکومت اور پیپلز پارٹی کا اتفاق
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کے معاملے پر سیاسی منظر نامے سے اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کی منظوری میں حکومت کا بھرپور ساتھ دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور پارٹی بجٹ سیشن کے دوران حکومت کے حق میں ووٹ دے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں، جس کے بعد وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس اقدام سے صوبہ سندھ سمیت دیگر علاقوں میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت فنڈز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔