ن لیگ کا ساتھ دینے کے باعث لوگوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دئیے ندیم افضل چن

یہ الیکشن فراڈ تھا،کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہوتا رہے‘ میڈیا سیٹھ اور الیکشن کمشن اشرافیہ سے آزاد ہونا چاہیے:مرکزی سیکرٹری اطلاعات
یہ واحد  ضمنی الیکشن ہے جس کا ٹرن آؤٹ جنرل الیکشن سے زیادہ ہے‘ادارے بیچنے کے باوجود ان فرشتوں کا ووٹ بینک بڑھ رہا ہے:حسن مرتضی

لاہور(سپیشل رپورٹر  )یکم جون کو پی پی 52 میں دھاندلی اور انتظامیہ جیتی ہے،یہ الیکشن شفاف تھے نہ منصفانہ ہر طرف سول ایڈمنسٹریشن اور انڈر ورلڈ کے بدمعاش  پھیلے ہوئے تھے، ایسے الیکشن کرانے سے بہتر ہے الیکشن کمشن انہیں الاٹمنٹ لیٹر دیدے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاؤن میں پی پی 52سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،نیلم جبار،راحیل کامران چیمہ،آصف بشیر بھاگٹ،عائشہ نواز چودھری،فیاض بھٹی، آصف بلوچ،عظیم حفیظ،حسن اشرف اورطاہر غالب بھی موجود تھے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ن لیگ سے جو سلام بھی لیتا ہے لوگ اسے ووٹ نہیں دیتے،تسلیم کرتا ہوں  لوگوں نے ہمیں ن۔لیگ کا ساتھ دینے کے باعث ووٹ نہیں دئیے،ہم ن لیگ کے اتحادی بنے  ہیں تو یہ دیکھنا پڑا ہے۔ہم کہتے تھے حکومت کے اتحادی نہیں۔مگرلوکل لیول پر کنفیوژن تھی،پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں ملے تو ن لیگ کی وجہ سے،یہ الیکشن فراڈ تھا،کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہوتا رہے۔انہوں نے کہا  میڈیا سیٹھ اور الیکشن کمشن اشرافیہ سے آزاد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن حکومت کی کارکردگی جانچنے کا طریقہ ہوتا ہے۔ن لیگ کی پنجاب میں جتنی حکومتیں رہی ہیں وہاں ان کا مقابلہ ہی نہیں ہونا چاہیے تھا،دائیں بازو کی جماعت کیساتھ جو ہو رھا ہے انہیں پتہ چل رہا ہے  پیپلز پارٹی کا رونا دھونا ٹھیک تھا۔ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچانے  کے لئے کوڑے، شاہی قلعے،کاروبار تباہ کرنے کا  طریقہ کار اپنایا گیا،یہ ہماری جیت ہے  لوگ پیپلز پارٹی کے دکھوں کو اب مان رھے ہیں۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے ضمنی الیکشن میں  پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور تنظیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا  یہ واحد  ضمنی الیکشن ہے جس کا ٹرن آؤٹ جنرل الیکشن سے زیادہ ہے۔آپ کی کریڈیبلٹی پر کسی کو یقین نہیں، کارکردگی یہ ہے کہ ہسپتال آؤٹ سورس کر کے ڈاکٹرز کو بیروزگار کیا،سکولوں کی نجکاری کر کے بچوں سے تعلیم چھینی،پی آئی اے،پاسکو اور دیگر ملکی جائیدادیں بیچنے کے درپے ہیں،اس سب کے باوجود ان فرشتوں کا ووٹ بنک بڑھ رھا ہے۔حکومتی وزیر کی پریس کانفرنس کے سوال پر حسن مرتضی کا کہنا تھا  محترمہ اسی ڈگر پر چلتی رھیں تو اپنی جماعت کی طرح ایکسپوز ہو جائینگی۔  موجودہ ارینجمنٹ کے باعث پیپلز پارٹی اپنا سیاسی نقصان کر رھی ہے۔