امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے‘ ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے جو ہدف پر نہ لگ سکے: امریکی سینٹرل کمانڈ
پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ائیر بیس اور ہیلی کا پٹروں کو نشانہ بنایا‘آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی ٹینکر پر حملے کے بعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا:ایران
آبنائے ہرمز کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، تنازع ختم ہونے پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی آئے گی‘اسرائیل کی جانب سے لبنان کے ساتھ مسلسل جنگ جاری رہنے پر ناخوش تھا:امریکی صدر
واشنگٹن ، تہران(آئی این پی)امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعوی کیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی فورسز نے ا یرانی جزیرے قشم پر حملے کیے، حملے ایران کی جانب سے میزائل و ڈرون حملوں کے جواب میں کیے۔ امریکی فورسز نے جزیرہ قشم میں ایرانی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے، امریکی فورسز نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون مار گرائے۔سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے، ہدف پر نہ لگ سکے، کویت پر داغے گئے 2 میزائل راستے میں گر گئے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق بحرین پر داغے گئے 3 میزائل امریکا اور بحرین فورسز نے مار گرائے۔ ایران نے 3 ڈرون حملے بحری جہازوں پر کیے جنہیں ناکام بنادیا۔دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعوی کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ائیر بیس اور ہیلی کا پٹروں کو نشانہ بنایا۔ پاسدارانِ کے مطابق کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاسداران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا آبنائے ہرمز کی سکیورٹی متاثر کرنے کی قیمت امریکا کو چکانا ہوگی۔دریں اثناء مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے عمل میں شامل ہیں اور ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر متفق ہے۔ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آیت اللہ مذاکرات سے متعلق منظوری دے رہے ہیں اور ممکن ہے کہ مستقبل میں کسی موقع پر ان سے ملاقات بھی ہو۔ آبنائے ہرمز کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، جبکہ ایران سے متعلق تنازع ختم ہونے کی صورت میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی آئے گی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں فیول کی قیمتیں کم ہوں گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے لبنان جنگ کے معاملے پر تلخ گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا وہ لبنان کے ساتھ مسلسل جنگ جاری رہنے پر ناخوش تھے۔انہوں نے کہا خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔