پاکستان اور امریکہ کی سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے اسحاق ڈار

 پاکستان مکالمے، سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا ،  امریکی کانگریس دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے
  امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری برآمدی منڈی ہے، گزشتہ مالی سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 9.4 ارب ڈالر رہا: امریکی کانگریسی وفد سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے  پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔امریکی کانگریسی وفد اور کاروباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلی سطح کے روابط پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی نمایاں خصوصیت ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ہونے والی دو ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی روابط کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور امریکی کانگریس دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے‘ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری برآمدی منڈی ہے، گزشتہ مالی سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 9.4 ارب ڈالر رہا، جسے آئندہ پانچ برسوں میں 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان امریکی کپاس اور سویابین کے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہے، جبکہ ملک امریکی ہائیڈروکاربنز کے لیے بھی ایک اہم منڈی کے طور پر ابھر رہا ہے۔اسحاق ڈار کے مطابق اس وقت پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیاں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں