لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے عالمی دن" کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ مکالمے، رواداری اور باہمی احترام کا داعی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ عالمی امن، ترقی اور انسانیت کے فروغ کی بنیاد بھی ہے۔ ان کے بقول، احترام اور برداشت کا کلچر ہی جنگ و نفرت کا مؤثر جواب ہے۔مریم نواز نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اختلافِ رائے کو دشمنی سمجھنے کے رویے کو ختم کرنا ہوگا۔ "ہم سب کو مکالمے کی روح کو سمجھنا ہوگا تاکہ معاشرے میں برداشت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔"انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان مظلوم خطوں میں پائیدار امن کا واحد راستہ بامعنی اور نتیجہ خیز مکالمہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی برادری سے سوال کیا:
"کیا ہم بچوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے یا بات چیت کے ذریعے امن کا راستہ اختیار کریں گے؟"ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ نفرت اور جنگ کے بجائے مکالمے اور مفاہمت کو ترجیح دے کر ہی دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔