ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کئی شہروں میں درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ سرد ہوائیں چلنے لگیں۔
فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، شیخوپورہ روڈ، ڈائیو روڈ اور سرگودھا روڈ پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ چنیوٹ شہر اور گردونواح میں مطلع ابر آلود ہے جبکہ صبح سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔کوٹ ادو میں بھی موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، جہاں تیز اور سرد ہواؤں کے ساتھ گرد آلود آندھی چلنے سے فضا میں گرد چھا گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث سورج بھی گرد کے بادلوں کے پیچھے چھپ گیا۔لیہ، کروڑ لعل عیسن اور فتح پور سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے۔ بھکر شہر اور گردونواح میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بارش کے باعث شہر کے بعض بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے۔لاہور میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہواؤں کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
شہر میں آج بارش کا امکان نہیں اور موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں جنوب مغربی ہوائیں 23 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر قائد میں گرمی کے ساتھ حبس کا راج برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔