سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو فالو کرنے سے بچوں کی تربیت متاثر ہو رہی ہے: حنا پرویز بٹ

سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو فالو کرنے سے بچوں کی تربیت متاثر ہو رہی ہے: حنا پرویز بٹ

رکنِ پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور فیملی وی لاگرز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مواد کو فالو کرنے سے بچوں کی تربیت متاثر ہو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حنا پرویز بٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ، علی حیدر آبادی اور سمیع رشید کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات کے مواد کو فالو کرنے سے بچوں کی اخلاقی اور سماجی تربیت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے دور رکھیں جو ان کے مطابق غیر معیاری مواد پیش کرتے ہیں۔

حنا پرویز بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ دیگر نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور وی لاگرز کے مواد اور اس کے اثرات پر مسلسل بحث جاری ہے، اور مختلف حلقوں کی جانب سے اس حوالے سے ریگولیشن اور نگرانی کے مطالبات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔