ایشوریہ رائے نے ڈیپ فیک اور اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی

ایشوریہ رائے نے ڈیپ فیک اور اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریہ رائے نے آن لائن مصنوعی ذہانت (AI) پلیٹ فارمز کے خلاف نئی دہلی کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی تصاویر، ویڈیوز اور آواز کو بغیر اجازت فحش یا غیر اخلاقی مواد تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اداکارہ کے وکلا کی ٹیم نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ تمام آن لائن پلیٹ فارمز کو پابند کیا جائے کہ وہ ایشوریہ رائے کی شناخت کے ساتھ AI ڈیپ فیک ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی اور نامناسب مواد نہ بنائیں۔ وکلا نے ایک فہرست بھی فراہم کی ہے جس میں ایسے جعلی اور فحاش ویب سائٹس کے نام شامل ہیں جو اداکارہ کے نام سے مواد شائع کر رہی ہیں، اور ان ای کامرس ویب سائٹس کے نام بھی درج کیے گئے ہیں جو ان کی اجازت کے بغیر ان کے نام سے اشیاء فروخت کر رہی ہیں۔درخواست میں بتایا گیا کہ اس غیر قانونی استعمال سے اداکارہ کی کردار کشی ہو رہی ہے اور ان کے پیشہ ورانہ وقار کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

اداکارہ نے ابتدائی طور پر کسی پلیٹ فارم کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ نہیں کیا، بلکہ بنیادی مقصد یہ ہے کہ عدالت ایسے غیر قانونی اقدامات کو روکنے کا حکم دے۔عدالت نے درخواست پر تمام فریقین کو نومبر 2025 تک دلائل کے لیے طلب کر لیا ہے، اور کیس کا باضابطہ آغاز جنوری 2026 میں ہونے کا امکان ہے۔یہ قدم ایشوریہ رائے کی جانب سے AI اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غیر اخلاقی استعمال کے خلاف قانونی جدوجہد میں اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔