وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں "گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ" کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جہاں غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا۔
اجلاس میں یورپی یونین کے نمائندوں نے غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو مؤثر قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔طلال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی حکمت عملی کے باعث غیر قانونی ہجرت میں 47 فیصد کمی آئی ہے، اور پاکستان کا ماڈل عالمی سطح پر ایک کامیاب مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہجرت کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہیں۔وزیر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے مواقع میں اضافے کے بغیر غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کا مؤثر تدارک ممکن نہیں۔اجلاس کے شرکاء نے غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) کی مؤثر کارکردگی کو بھی سراہا۔