دنیا بھر میں مسٹر بین کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے معروف برطانوی کامیڈین و اداکار روون اٹکنسن تقریباً 40 سال بعد ایک بار پھر ویسٹ اینڈ کے کامیڈی سکیچ شو میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روون اٹکنسن اگلے برس لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں پیش کیے جانے والے خصوصی کامیڈی سکیچ شو میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ شو میں نیا مزاحیہ مواد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مشہور خاکے اور مقبول کردار بھی شامل ہوں گے۔روون اٹکنسن اس خصوصی اسٹیج پروڈکشن کے لیے معروف کامیڈی سیریز بلیک ایڈر کے شریک مصنفین رچرڈ کرٹس اور بین ایلٹن کے ساتھ دوبارہ کام کریں گے، جبکہ موسیقی کی ذمہ داری معروف موسیقار ہاورڈ گوڈال سنبھالیں گے۔رپورٹس کے مطابق روون اٹکنسن محدود تعداد میں پرفارمنس دیں گے اور ان کی مجموعی طور پر 30 پرفارمنسز شیڈول ہیں۔ شو 8 فروری سے 13 مارچ تک لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں پیش کیا جائے گا۔روون اٹکنسن کی تقریباً چار دہائیوں بعد اسٹیج پر واپسی کو ان کے مداحوں کے لیے خاص موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ مسٹر بین کے کردار نے انہیں عالمی سطح پر بے مثال شہرت دلائی، جبکہ اس اعلان کے بعد مداحوں میں ایک بار پھر انہیں براہِ راست پرفارم کرتے دیکھنے کے لیے خاصا جوش پایا جا رہا ہے۔