جی ٹی روڈ پر لاہور سے گوجرانوالہ تک ٹریفک معمول کیمطابق جاری رہے گی
لاہور(کرائم رپورٹر)محرم الحرام کے سلسلے میں ذوالجناح کے جلوس کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے شاہدرہ چوک سے بیگم کوٹ چوک تک دونوں اطراف کی سڑک آج 3 جولائی اور کل 4 جولائی کے لیے عام ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ایس پی سٹی مقصود لون نے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ ڈی ایس پی شاہدرہ یاسین بھٹی نے سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جلوس کے روٹ پر 3 سرکل افسران کی نگرانی میں 10 ٹریفک انسپکٹرز، 238 ٹریفک وارڈنز، 2 لفٹرز اور بریک ڈا ئون گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھیں۔ٹریفک پلان کے مطابق شیخوپورہ اور شرقپور شریف سے آنے والی ٹریفک کو دوساکو چوک، السعید چوک، سگیاں چوک اور بند روڈ کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ لاہور سے شاہدرہ کے راستے شیخوپورہ جانے والی گاڑیاں نیازی شہید چوک، رنگ روڈ اور سگیاں روٹ استعمال کریں گی۔ترجمان کے مطابق جی ٹی روڈ پر لاہور سے گوجرانوالہ تک ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے گی، تاہم گوجرانوالہ سے شیخوپورہ جانے والی گاڑیوں کو برکت پلی اور بدو پلی کے راستے روانہ کیا جائے گا، جبکہ دوساکو چوک سے آنے والی ٹریفک کو سگیاں کے ذریعے لاہور بھیجا جائے گا۔