نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسر وں و اہلکاروں میں اسناد تقسیم

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میںتعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کئے۔ ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بہترین قیادت اور نمایاں کارکردگی پر ایس پی سٹی اور اے ایس پی شاہدرہ کو توصیفی لیٹرز دیئے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے جرائم کی بروقت ٹریسنگ اور رابری، جھپٹا گینگز کی گرفتاری پر ایس ایچ او شاہدرہ، تفتیشی افسران اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا۔ بہترین کارکردگی پراسلام پورہ اور اکبری گیٹ پولیس کے افسران و اہلکار کوبھی CC-II سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے جدید آئی ٹی کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جرائم کی بروقت ٹریسنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔لاہور پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پولیس افسران و اہلکاروں کو موبائل لوکیٹر، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ڈیجیٹل ٹریسنگ کی تربیت دی جائے گی۔ فیصل کامران نے کہا کہ پولیس جوانوں کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے جرائم پر قابو پایا جا رہا ہے۔شہریوں کے تحفظ کے لیے جانیں خطرے میں ڈالنے والے جوان محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف اور بہترین پولیس سروس کی فراہمی ہر افسر کی اولین ذمہ داری ہے۔ جہاں ناقص کارکردگی پر احتساب ہوگا، وہیں بہترین کارکردگی پر بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔