میزبان میکسیکو نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ شدید بارش اور گرج چمک کے باعث ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، تاہم کھیل کے آغاز کے بعد میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔میکسیکو نے پہلے 10 منٹ میں متعدد خطرناک حملے کیے اور جلد ہی جولین کوئنونیس نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔کچھ ہی دیر بعد راول خیمنیز نے ایکواڈور کے دفاعی کھلاڑی کی غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کی برتری 2-0 کر دی۔وقفے کے بعد ایکواڈور نے میچ میں واپسی کی کوشش کی، لیکن میکسیکو کی منظم دفاعی حکمت عملی کے سامنے اسے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔ گونزالو پلاٹا کی ایک کوشش ہدف کے قریب پہنچی، تاہم وہ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں ایکواڈور کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب پیئرو ہنکاپیے کو مخالف کھلاڑی سے بات کرتے ہوئے منہ ڈھانپنے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔اس کامیابی کے ساتھ میکسیکو نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ یا ڈی آر کانگو میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔واضح رہے کہ یہ میکسیکو کی 1986 کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی کامیابی ہے۔