شہر قائد کے علاقے لیاری بغدادی میں رہائشی عمارت کے اچانک منہدم ہونے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے، جسے ریسکیو 1122 کی جانب سے مرتب کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمیوں کو زندہ نکالا جا چکا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
واقعے کی تفصیل:
ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، عمارت گرنے کی اطلاع صبح 10:53 بجے سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو موصول ہوئی، جس کے فوری بعد اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل موقع پر روانہ کر دی گئی۔
جائے وقوع پر موجود وسائل:
ریسکیو 1122 کی 5 ڈیزاسٹر رسپانس وہیکلز
2 سنارکلز
متعدد ایمبولینسز
100 سے زائد ریسکیو اہلکار
کرینز اور لفٹرز متعلقہ اداروں کے تعاون سے جائے وقوع پر پہنچا دیے گئے ہیں
مشکلات:
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لوگوں کے ہجوم، سڑکوں کی بندش اور نیٹ ورک مسائل کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔زخمیوں کو جائے وقوع پر ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
جاری کارروائی:
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ:"ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کلیئرنس تک کارروائی مکمل طور پر جاری رکھی جائے گی۔"ٹیم کی جانب سے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پس منظر:
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لیاری میں یہ واقعہ آج صبح پیش آیا، جس میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی۔ آس پاس کی متصل عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جنہیں خالی کرایا جا رہا ہے۔