لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ہسپتالوں کے ہڑتالی ڈاکٹروں کی برطرفی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ہڑتالی ڈاکٹروں کو فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے صدر ینگ ڈاکٹرز سمیت دیگر ڈاکٹرزکی درخواستوں پر سماعت کی،ڈاکٹروں کے وکیل آصف نسوانہ نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ برطرفی غیر قانونی اور انتقامی کارروائی ہے۔درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کورٹ نے ڈاکٹرز کی برطرفی کے نوٹس معطل کئے تھے،ڈاکٹرز کو بحال نہیں کیا جا رہا،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد ڈاکٹروں کی برطرفی کے خلاف درخواستیں منظور کر لیں اور سیکرٹریز ہیلتھ سمیت دیگر فریقین کو ڈاکٹروں کی جواننگ کیلئے قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔اسی عدالت نے ساہیوال ہسپتال آتشزدگی واقعہ میں ڈاکٹرز کی برطرفیوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ساہیوال واقعہ پر تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائیاور آتشزدگی واقعہ کے بعد محکمہ صحت کے غیر قانونی اقدامات کالعدم قرار دئیے جائیں۔