حکومت نے پی ایم ڈی سی کو8 لائسنس منسوخ کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا،سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے اوپی ڈیز چالو
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی اوپی ڈیز میں ہڑتال پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس منسوخ کرانے کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو مراسلہ ارسال کر دیا۔پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں ہڑتال کر رکھی ہے جس پر محکمہ صحت نے 8 ڈاکٹرز کا پریکٹس لائسنس منسوخ کرنے کیلئے پی ایم ڈی سی کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے نام شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق جن ڈاکٹرز کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ان میں چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر احمد یار، نشترہسپتال کے ڈاکٹر سلمان غفور ،ندیم ثاقب ،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 3 اور بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز کے بھی لائسنس منسوخ کرنے کا کہا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں علاج رکوانے والے ڈاکٹرز کے لائسنس معطل کیے جائیں جبکہ پی ڈی ایم سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان ڈاکٹرز کے پریکٹس لائسنس ہمیشہ کیلئے ختم کردیئے جائیں۔ دوسری جانب پی ایم ڈی سی نے آٹھ ڈاکٹرزسے تین روز میں جواب طلب کرلیا ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کے آوٓٹ ڈور بارہویں روز بھی بند رہے اور اب تک چھ لاکھ مریض متاثر ہوئے،لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈیز اور اِن ڈور میں ہڑتال جاری رہی، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے اوپی ڈیز چلائی جا رہی ہیں، آپریشن تھیٹرز بھی فعال ہیں ، ینگ ڈاکٹرز سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہونگے۔