حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹرزکیساتھ جوکیاٹھیک کیا:ہائیکورٹ

ہڑتال کاحصہ ہونے پر ڈاکٹرکی ڈگری بھی منسوخ کی جائیگی :جسٹس شاہد کریم
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف ہونے والی حکومتی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف حکومت نے جو کیا ٹھیک کیا ،عدالت نے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سے برطرف ہونے والے ڈاکٹر کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ڈاکٹر احمد یار کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار ڈاکٹر چلڈرن ہسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کررہا تھا ، جسے ہسپتالوں کی پرائیویٹائزیشن سے متعلق ہڑتال کے نام پر بغیر انکوائری کے غیر قانونی طور پر برطرف کردیا گیا ، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ڈاکٹروں نے ہڑتال کرکے اچھا نہیں کیا ، یہ عدالت ڈاکٹرز کے ہڑتال کے کردار سے خوش نہیں۔ اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ نے جواب دیا درخواست گزار ڈاکٹر ہڑتال کا حصہ نہیں تھا ، جس دن برطرف کیا گیا اس دن بھی ڈیوٹی پر تھا ، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اس ڈاکٹر کے ساتھ بھی جو ہوا ٹھیک ہوا ، اس ڈاکٹر کا ریکارڈ منگوا ئوں گا ، اگر ثابت ہوا کہ یہ ہڑتال کا حصہ تھا تو اس کی ڈگری بھی منسوخ کردی جائے گی ،عدالت نے درخواست گزار وکیل کا موقف سن کر درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔