44میونسپل اداروں میں خاتون سہولت مراکز قائم

مقصد خواتین کو میونسپل سروسز بارے مسائل کی نشاندہی میں شامل کرنا 
لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب کے 44 میونسپل اداروں میں ’’خاتون سہولت مراکز’’ قائم کردیئے گئے ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب کے متذکرہ حکمنامے کے تحت سنگت ڈویلپمنٹ فائونڈیشن ان تمام خاتون سہولت مراکز کے سٹاف کو تربیتی  خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سنگت ڈویلپمنٹ فائونڈیشن نے مارچ 2022 میں پائلٹ پرجیکٹ ’’بولو اور بڑھو’’ کے تحت پنجاب کے چار میونسپل اداروں  میں خاتون سہولت مراکز قائم کرنے کا ابتدائی تجربہ کیا، جن میں شیخوپورہ ، منڈی بہاو الدین، گوجرہ اور کبیر والہ شامل تھے۔حکمنامے پر عملدرآمد اور کارکردگی جانچنے کیلئے ڈائریکٹر (ڈیٹا کولیکشن) پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کا بطور فوکل پرسن تقرر کیا گیا ہے۔ خاتون سہولت ڈیسک کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کو میونسپل سروسز کے حوالے سے مقامی مسائل کی نشاندہی میں شامل کرنا ہے۔  میونسپل کارپوریشز بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، سیالکوٹ، شیخوپورہ، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، مری، ملتان میں خاتون سہولت ڈیسک قائم ہو گئے ہیں جبکہ میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز نے نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ہیں جن میں اٹک، بہاولنگر، بھکر، چکوال، چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، خانیوال، خوشاب، کبیر والہ، کوٹ ادو، کھیوڑہ، گوجرہ، لیہ، لودھراں، منڈی بہاو الدین، میانوالی، مظفر گڑھ، ننکانہ صاحب، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، رحیم یار خان، شالیمار ذونل آفس لاہور، راجن پور، تلہ کنگ، تونسہ شریف، ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی اور وزیر آباد شامل ہیں۔