ویب ڈیسک: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران رودکوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
شہریوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تفصیلات:
رودکوہیوں میں سیلابی صورتحال کی پیشگوئی 3 جولائی سے 4 جولائی صبح 5 بجے تک کی گئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، بارش کے باعث کوہِ سلیمان رینج سے آنے والے سیلابی ریلے ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں طغیانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
سیلابی پانی کا بہاؤ:
رودکوہی کا ہا میں پانی کا بہاؤ: 5126 کیوسک
چھاچھڑ میں پانی کا بہاؤ: 4650 کیوسک
انتظامی اقدامات:
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ڈویژن بھر کی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ فُل الرٹ ہے۔
متاثرہ علاقوں کے لیے حفاظتی اقدامات:
رودکوہیوں سے گزرنے والے سیلابی ریلے قدرتی راستوں کے ذریعے دریائے سندھ میں داخل ہو رہے ہیں۔دیگر رودکوہیوں میں فی الوقت پانی کے بہاؤ کی صورتحال نارمل ہے۔سیلابی ریلوں کے ممکنہ راستوں میں آباد شہریوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
موسمی پیشگوئی:
آئندہ 24 گھنٹوں میں کوہِ سلیمان رینج اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
عوام سے اپیل:
پی ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رودکوہیوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 یا قریبی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔